نبی کریم کی دنیا میں آمد اللہ تعالی کا انسانیت پر خاص کرم ہے:ہاشم علی شاہ زنجانی
لاہور( کلچرل رپورٹر ) سجادہ نشیں حضرت میراں حسین شاہ زنجانی وحضرت یعقوب حسین شاہ زنجانی المعروف شاہ صدر دیوان پیر سید ہاشم علی شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ حضرت محمد کو اپنی جان، مال،اولاد اور ماں باپ سے بھی زیادہ محبت کرنا ایمان والوں کی سب سے بڑی نشانی ہے۔ ربیع الاول اللہ تعالی کی خاص رحمت کا مہینہ ہے۔اللہ تعالی نے سرکار مدینہ کو اس دنیا میں بھیج کر انسانیت پر احسان کیا۔ نبی کریم کی دنیا میں آمد سے رحمتوں کی بہار آئی۔جو چاہتا ہے کہ وہ جنت میں جائے اسے اہل بیتؓ سے محبت کرنا ہوگی۔ اسی طرح امہاة المومنیںؓ، صحابہ کرامؓ کی محبت بھی ہم پر فرض ہے۔ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنے والے امن کے دشمن ہیں۔اہل بیتؓہوں یا صحابہ کرامؓیا امہاة المومنیںؓکسی کی شان میں گستاخی نا قابل قبول ہے۔فرقہ واریت کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے قرآن و حدیث کی تعلیمات اورسیرت النبی کو پہلی جماعت سے نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیس اورقانون نافذکرنے والے ادارے معاشرے کے ان ناسوروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ منبر ومہراب سے بھی امن و بھائی چارے کا پرچار ہونا چاہئے تاکہ کوئی ہماری نوجوان نسل اور سادہ لوح مسلمانوں کو گمراہ نہ کر سکے۔