• news

بھارت کا سیاسی مفادات کا کھیل خطے کے لیے خطرناک

بھارتی فاشسٹ مودی سرکار کی دہشت گردانہ پالیسی کی ایک اور حقیقت منظر عام پر آ گئی۔ بھارت کو دہشت گردی کا گڑھ بنا کے پاکستان پہ الزام لگا کر بھارتی انتہاپسندوں کی حمایت حاصل کر کے انتخابات جیتنے کا مودی کا آزمودہ بھونڈا منصوبہ ایک بار پھر منظرِ عام پر آ گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، 16 ستمبر کو بارہ مولہ کے اڑی سیکٹر میں بھارتی فورسز کے دہشت گردوں کے ساتھ انکاﺅنٹر میں متعدد افسران اور جوان ہلاک ہوگئے جبکہ 12 ستمبر کو اننت ناگ میں بھی ایسے ہی من گھڑت بھارتی فورسز کے آپریشن کی خبر سامنے آئی تھی۔ فالس فلیگ آپریشن وہ بھارتی ڈراما ہے جس کے ذریعے بھارت ایک سے زیادہ اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا کر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی انتخابات کے پیش نظر مودی سرکار نے اپنے ہی شہریوں اور فوجی افسران کی بلی چڑھانا شروع کر دی ہے۔ متعدد شواہد سے ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت ایک بار پھر پلوامہ ڈرامے کو دہرا کر مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت میں کوئی بھی جماعت برسراقتدار ہو، پاکستان کے حوالے سے ان کی دشمن پالیسیاں یکساں رہی ہیں۔ پاکستان کی سلامتی پر وار کرکے یا دہشت گردی کا کوئی ڈرامہ رچا کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا ان سیاسی جماعتوں کا وتیرہ رہا ہے مگر پاکستان دشمنی میں مودی سرکار سب سے آگے نظر آتے ہیں جو پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہمہ وقت سازشوں کے تانے بانے بنتے رہتی ہے۔ بالخصوص بھارت میں عام انتخابات کے موقع پر ان کی یہ سازشیں عروج پر ہوتی ہیں۔ نریندر مودی کو یہ ادراک ہونا چاہیے کہ ان کے سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لیے رچائے گئے پاکستان مخالف ڈرامے اس خطے کو کسی بڑی تباہی سے دوچار کر سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن