• news

علماءکونسل کے زیراہتمام ربیع الاول ماہ رحمة للعالمین کے عنوان سے منایا جائے گا: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماءکونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ماہ ربیع الاول ماہ رحمة للعالمین کے عنوان سے منایا جائے گا۔ ماہ ربیع الاول میں ملک بھر میں رحمة للعالمین کانفرنسیں منعقد ہوں گی جس میں رسول اکرم کی سیرت طیبہ سے معاشرتی ہم آہنگی، رواداری کے فروغ اور شدت پسندی کے خاتمے پر علماءو مشائخ خطاب کریں گے۔ پاکستان علماءکونسل کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنسز اور اجتماعات میں پاکستان میں موجود غیر مسلم قائدین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدت پسند رویوں کی کمی ہونی چاہیے، کسی گروہ، جماعت یا فرد کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ دوسرے مذاہب کے مقدسات کی توہین کرے۔ اسی لیے پاکستان علماءکونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ سیرت النبی کے عنوان پر ہونے والے اجتماعات میں غیر مسلم مذاہب کے قائدین کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے اور غیر مسلموں کے حوالے سے رسول اللہ کی جو تعلیمات ہیں ان کو اجاگر کیا جائے۔ پاکستان میں کسی بھی قسم کی تشدد یا انتہا پسندی کو فروغ نہیں دیا جانا چاہیے۔ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ نئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی آمد پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن