مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کا آپریشن جاری، نوجوان کی جلی ہوئی نعش برآمد
سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی کرنل ، میجر اور ڈی ایس پی سمےت 4 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی فوج کا آپریشن پےر کو مسلسل چھٹے روز بھی جاری رہا۔ گڈول کوکر ناگ میں بھارتی فوج آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں ، ڈرون طیاروں ، راکٹ لانچروں اور ماٹر گنوں سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے۔ضلع اسلام آباد کے علاقے ککرناگ گڈول سے بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں شہید ہونے والے ایک کشمیری نوجوان کی جلی ہوئی نعش برآمد ہوئی ہے۔ جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی کرنل ، میجر اور ڈی ایس پی سمےت 4 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت نے وسطی اور مشرقی میں تعینات کوبرا کمانڈوز مقبوضہ کشمیر میں تعینات کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔جبکہ جموں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاج کا اہتمام کانگریس کے نوجوان کارکنوں نے کیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے نوجوان رہنماادے بھانو چِب نے کہا کہ کانگریس احتجاج کر کے بے روزگاری کے اہم مسئلے کو اجاگر کرنا چاہتی ہے جس سے لاکھوں نوجوان متاثر ہوئے ہیں۔دوسری جانب بھارتی حکومت نے آزاد کشمیر اور پاکستان میں مقےم مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے13 افراد کی جائیدادیں بحق سرکار قرق کر لی ہے۔ ان افراد میں شاہنواز عمر، نعیم احمد،محمد اقبال، شاہنواز عرف نعیم، جاوید حسین گیری ، بشیر احمد مغل، غازی الدین، ستار دین، امتیاز احمد،شبیر احمد کیتھر، محمد رفیق کین، مظفر احمد، اورآزاد حسین شامل ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ان افراد کی جائیدادوں پر بورڈ لگائے گئے ہیں ۔