• news

ڈیفالٹر محکموں کی فہرست جاری، گوجرانوالہ: مزید 61 بجلی چور گرفتار، جہلم: 47 ملین کرنسی برآمد

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ ننکانہ صاحب‘ فیروز والا‘ قصور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران + اپنے سٹاف رپورٹر سے+ این این آئی+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کریک ڈاﺅن بارہویں روز بھی جاری رہا، مزید 61بجلی چور پکڑے گئے، 555افراد کے خلاف مقدمہ درج،12دنوں میں مجموعی طور پر 663بجلی چور پکڑے گئے، بجلی چوروں کو 5کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گے، تمام کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کےلئے درخواستیں دے دی گئیں۔ 7 ستمبر سے شروع ہونے والے اس آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوںکے نتیجہ میں اب تک سٹی سرکل سے173، کینٹ سرکل سے186، گجرات سرکل سے70، سیالکوٹ سرکل سے91، نارووال سرکل سے66اور منڈی بہاولدین سرکل سے 77جبکہ ریجن بھرسے مجموعی طور پر663 بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ گذشتہ 12دنوں میں ریجن بھر سے بجلی چوروں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن 38 زرعی کنکشنز،23کمرشل، 6انڈسٹریل اور596ڈومیسٹک شامل ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایات پر نادہندہ سرکاری اداروں کی فہرست بھی جاری کردی گئی۔ لسٹ کے مطابق واسا لاہور 7 ارب 67 کروڑ 98 لاکھ 80 ہزار 169 روپے، ٹاﺅن میونسپل اتھارٹی لیسکو کی 3ارب 63 کروڑ 98 لاکھ 77 ہزار 581 روپے، پنجاب ایریگیشن اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ لیسکو کی 59 کروڑ 60 لاکھ 53 ہزار 127 روپے، محکمہ ریلوے 53 کروڑ 29 لاکھ 82 ہزار 792 روپے کا نادہندہ ہے۔ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے ذمہ 50 کروڑ 2 لاکھ 29 ہزار120 روپے، لاہور کی ضلعی حکومت 49 کروڑ 59 لاکھ 62 ہزار 968 روپے،محکمہ صحت لیسکو کا 42 کروڑ 44 لاکھ 46 ہزار 903 روپے، محکمہ پولیس43 کروڑ94 لاکھ 87 ہزار631 روپے، قصور کی ضلعی حکومت 34 کروڑ 99 لاکھ 29 ہزار 974 روپے واجب الادا ہیں۔ ایل ڈی اے لیسکو کے 32 کروڑ 42 لاکھ 43ہزار 293 روپے، سروسز ہسپتال نے 16 کروڑ 87 لاکھ 39 ہزار 636 روپے، یونیوسٹی آف پنجاب نے 16 کروڑ 74 لاکھ 74 ہزار 5 روپے کے نادہندہ ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ نادہندہ سرکاری اداروںسے ریکوری کا عمل تیز کیا جائے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)کے ریجنل ڈائریکٹوریٹ نے گیس چوری کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران چھاپہ مار ٹیموں نے اب تک 323 سے زائد غیر قانونی کنکشنز کا سراغ لگا کر نادہندگان سے 75.4 ملین روپے وصول کر لئے ہیں۔ اسلام آباد ریجنل ایس این جی پی ایل کے جنرل منیجر اظہر رشید شیخ کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیموں نے نہ صرف غیرقانونی گیس کنکشنز کی نشاندہی کی بلکہ 270 سے زائد غیر قانونی میٹرز اور 53 ڈائریکٹ کنکشنز بھی ہٹائے اور نادہندہ صارفین سے کروڑوں روپے کی وصولی کی۔ اب تک چٹھہ بختاور، گنگل، G-7، I-14، E-18 اسلام آباد، بہارہ کہو، ترلائی واہ کینٹ، فتح جنگ اور اٹک سمیت مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا چکے ہیں،مہم کے دوران 270 سے زائد غیر قانونی میٹر اور 53 ڈائریکٹ کنکشن ہٹائے گئے۔ 37 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ایف آئی اے نے کرنسی کی غیرقانونی خریدو فروخت میں ملوث تین ملزمان کو جہلم سے گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ایک منی ایکس چینج کمپنی سے 47 ملین مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی۔ برآمد کرنسی میں امریکی ڈالر‘ برطانوی پا¶نڈ‘ ملائشیئن‘ رنگٹ‘ ترکش لیرا‘ یورو‘ قطری‘ سعودی ریال‘ اماراتی درہم شامل ہے۔ برانچ سے بغیر ریکارڈ کے کیپٹل سے زیادہ کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ دریں اثنا ننکانہ میں بجلی چوری کے مقدمے میں گواہی دینے عدالت جانے والے لیسکو اہلکار پر وکلاءنے تشدد کیا ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو اہلکار لائن مین محمد اسلم ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں گواہی دینے گئے تھے، لائن مین محمد اسلم کو محمد عمر تارڑ، بلال تارڑ اور منصور اشرف نامی وکلاءکی جانب سے تشدد کیا گیا، ملزمان وکلاءکی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں‘ تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ وکلاءنے ضمانتیں کرا لیں۔ ایکسیئن لیسکو ننکانہ صاحب رضوان شیخ نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایاکہ لیسکو کی ٹاسک فورس نے تھانہ منڈی فیض آباد کے گاﺅں ریحان والا میں بجلی چوری میں محمد عمر ایڈووکیٹ کے خلاف مقدمہ درج کروایااسی مقدمہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں گواہی دینے کے لئے لائن مین محمد اسلم جب ضلع کچہری پہنچا تو منصوبہ بندی کے تحت وہاں پر پہلے سے موجود عمر ایڈووکیٹ اور اسکے ساتھی محمد اسلم پرحملہ آور ہو گئے۔ لیسکو سرکل ننکانہ صاحب کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن، 283بجلی چورپکڑے گئے، 252 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ، 30بجلی چور گرفتار کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ای لیسکو چوہدری محمد حسین نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدائت پر بجلی چوروں اور نادہند گان کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ بجلی چوروں کو 4لاکھ 30ہزار940 یونٹس ڈالے گئے ہیں اور ڈیکٹیشن بل کی صورت میں 2کروڑ،15 لاکھ 18ہزار68  روپے جرمانہ عائد کیا گیاہے جبکہ بجلی چوروں اور نادہندگان  سے 31لاکھ 68ہزار172روپے وصول کیے ہیں۔ فیروز والہ لیسکو کی ٹیموں نے بجلی چوروں کے خلاف اپریشن کرتے ہوئے 50 صارفین کو پکڑ لیا لیسکو کے مطابق صارفین نے بجلی کی مین تاروں سے ڈائریکٹ تاریں لگا کر ٹیوب ویل ،کمرشل اور گھریلو سپلائی جاری رکھی ہوئی تھی پولیس نے اس ضمن میں مقدمات درج کر لیے صارفین نے لیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ قصور بھر میں بجلی چوروں کے خلاف لیسکو اور پولیس کی روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری، 1825ملزمان کو پکڑا گیا، پندرہ کروڑ روپیہ جرمانہ کیا گیا، دوران کارروائی تیس سے زائد لیسکو ملازم زخمی ہوئے۔ 900 سے زائد افرد نے ڈائریکٹ کنڈے لگائے جبکہ آٹھ سو سے زائد افراد نے بجلی کے میٹر میں ٹیمپرنگ کرکے بجلی چوری کررہے تھے۔ ایس ای لیسکو کے مطابق دو ہفتوں میں بیس لاکھ سے زاِئد یونٹس کی بچت ہوئی ہے۔آئیسکو ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے جس میں آئیسکو آپریشن، ایم اینڈ ٹی اور سرویلنس کی ٹیمیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق18ستمبر2023دوران چیکنگ73سے زائد بجلی چوروں کو پکڑا گیا جن میں 59گھریلو، 11کمرشل، 1زرعی، 2 انڈسٹری کے کنکشن شامل ہیں۔ متعلقہ صارفین کو13لاکھ48ہزار سے زائد یونٹس کی مد میں 64لاکھ 97ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور ایف آئی آر کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس سٹیشنز میں درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن