• news

عدالت نے محمد خان بھٹی اور زاہد بشیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

لاہور (خبر نگار) احتساب عدالت نے لاہور میں ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے مبینہ کرپشن سکینڈل میں محمد خان بھٹی کو 25 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے نیب کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رﺅف نے پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر وفاقی حکومت سے 21 ستمبرکو رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے اینٹی کرپشن، ایف آئی اے و دیگران سے انکوائریزکی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ پنجاب حکومت نے محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمات سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی۔ ادھر انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے عسکری ٹاور حملہ کیس میںملزم زاہد بشیر کو شناخت پریڈ کے لیے چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ روپوش ملزم زاہد بشیرکو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے شناخت پریڈ مکمل کرکے ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ دوسری جانب فاضل عدالت نے کالعدم تنظیموں کا چندہ جمع کرکے دہشت گردی کی مبینہ فنڈنگ میں ملوث ملزم محسن بلال گھرکی کے 2 اکتوبر کیلئے طلبی نوٹس جاری کر دیئے، ملزم محسن بلال گھرکی کا تین مقدمات میں چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن