• news

مہنگے پٹرول نے سب کچھ مہنگا کر دیا:شیخ فیصل ایوب

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ فیصل ایوب،سینئرنائب صدر حمیس گلزار مغل اور نائب صدر عادل ندیم نے مشترکہ بیان کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ظلم کی انتہا ہے۔مہنگے پٹرول نے سب کچھ مہنگا کر دیا اشیا خورد ونو ش غریب عوام کی پہنچ سے مکمل طور پرباہر ہو چکی ہیں۔پاکستانی عوام اور بزنس کمیونٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتنے دکھ کی بات ہے کہ اس وقت پوری دنیا چوتھے صنعتی انقلاب سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے جبکہ پاکستان کے صنعتکار اور عوام ابھی تک مہنگائی کی دلدل سے ہی نہیں نکل پا رہے ان حالات سے کب تک معاملات زندگی چلائی جا سکے گی یہ منطق سمجھ سے بالاتر ہو تی جا رہی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی سے پسی ہوئی عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ پڑ ے گا جبکہ حالیہ اضافہ سے پیداواری لاگت اس قدر زیادہ ہو جائے گی کہ لوگوں کی قوت خرید مکمل طور پر دم توڑ جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مفادات پس پشت ڈال کر پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے ایک پیج پر اکٹھا ہوں جو وقت کا تقاضہ ہے۔بصورت دیگر اگر ملکی کاروباری حالات پر قابو نہ پایا گیا تو حکمران یاد رکھیں کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال شدید متاثر ہو گی جو کسی طور پر بھی درست نہ ہے لہذا فوری طور پر پٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف دیاجائے۔

ای پیپر-دی نیشن