• news

وفاقی حکومت کا عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاﺅں میں کمی کا فیصلہ، سمری منظور

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی حکومت نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاوں میں 3 ماہ کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے قیدیوں کی سزا میں 3 ماہ کی خصوصی چھوٹ کی منظوری دے دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی ہے جبکہ آرٹیکل 45 کے تحت وزارتِ داخلہ نے صدر سے بھی سزاں میں کمی کی منظوری حاصل کی ہے۔ دو تہائی قید پوری کرنے والے 65 سال کے قیدیوں کی سزا 3 ماہ کم ہو جائے گی، دو تہائی سزا پوری کرنے والی 60 سال عمر کی خواتین قیدیوں کی سزا میں بھی کمی ہوگی، 18 سال سے کم عمر کے قیدیوں کی سزا میں بھی 3 ماہ کی کمی ہوگی۔ دہشتگردی، ریاست کے خلاف جرائم اور جاسوسی میں ملوث قیدیوں پر سزا میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ قیدیوں کی سزا میں کمی کا اطلاق ملک بھر کی جیلوں میں قید مخصوص قیدیوں پر ہوگا، اس حوالے سے وزارتِ داخلہ تمام صوبوں کو تحریری احکامات ارسال کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن