• news

ن لیگ نے بندوبست کیا لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہو،شکایت بھی اسی سے : بلاول

لاہور (نامہ نگار )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین،سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جانی چاہیے،لیول پلینگ فیلڈ کی بات اب سب کو نظر آرہی ہے اور ہمارا یہ مطالبہ(ن)لیگ سے ہے۔بہتر ہوتا یہ معاملہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اٹھاتیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادمان میں صحافی امداد سومرو سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو اور ان کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنےکاحق ملنا چاہئے۔ہماری ترجیح یہ ہونی چاہئے کہ عوام کو مہنگائی کے دور میں کیسے ریلیف دے سکتے ہیں۔عوام کو اس وقت ایک امید اور روڈمیپ کی ضرورت ہے،مگر کسی کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ کون کیا کررہاہے۔نواز شریف نے واپسی کی تاریخ کا اعلان کیاہے توویلکم کریں گے۔ہم بھی اپنے کیسز فیس کرنے کوتیارہیں۔امیدہے نوازشریف بھی کیسزکاسامنا کریں گے۔ انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ الیکشن کب ہوں گے اس کااختیار نہ اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے اور نہ ہی کسی اور کے پاس ہے۔الیکشن کے اعلان کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔پریکٹس اور پروسیجر ایکٹ بہت اہم مسئلہ ہے،اس کیس کو فل کورٹ سنے اور اس کیس کے بارے میں فیصلہ کرے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے مختلف رہنماو¿ں کے عزیزو اقارب کی وفات پر تعزیت کےلئے ان کے گھروں میں گئے۔بلاول بھٹو زرداری ایڈن گارڈن لاہور میں پی پی پی شعبہ خواتین لاہور کی صدر نرگس خان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔بلاول بھٹو زرداری نے نرگس خان سے ان کے بھائی نعیم حسن خان کے انتقال پر تعزیت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے نرگس خان کی بہنوں غزالہ بصارت اور نجمہ انعام سمیت انصار علی خان اور محمد ہارون خان سے بھی اظہار افسوس کیا بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم نعیم حسن خان کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔ بلاول بھٹو زرداری ڈیفنس میں پی پی پی رہنما تنویر بٹ کی رہائش گاہ پر بھی گئے۔بلاول بھٹو زرداری نے تنویر بٹ سے ان کے جواں سال صاحبزادے حمزہ بٹ کے انتقال پر تعزیت کی۔بلاول بھٹو زرداری کی مرحوم حمزہ بٹ کی والدہ فرح تنویر، بھائی سلمان بٹ، بہن ایمن بٹ اور عزیز کاشف جمیل سے بھی اظہار افسوس کیا۔بلاول بھٹو زرداری کی مرحوم حمزہ بٹ کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاو¿س لاہور میں ملاقات کے بعد سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری مشتاق گجر اپنے بھتیجے چوہدری دانشمند گجر ودیگر ساتھیوں رانا مبارز، عابد شیخ، سربلند چوہدری اور تنویر حسین سمیت پی پی پی میں شامل ہوگئے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے نجی ہسپتال میں جے یو آئی کے سینیٹر حافظ حمد اللہ کی عیادت کی۔صحت سے متعلق خیریت دریافت کی۔جلد مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔قبل ازیں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو کے بھارت پر لگائے گئے الزام پر تبصرہ کیا۔ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے بھارت پر جو الزام لگایا وہ بہت سنگین ہے۔ یہ وقت ہے کہ بھارت کو دہشت گرد ریاست تسلیم کیا جائے وہ ایک ہندوتوا اسٹیٹ ہے۔سابق وزیر خارجہ نے استفسار کیا کہ عالمی برادری کب تک بھارت کے دہشت گردانہ اقدامات کو نظر انداز کرے گی؟ان کا کہنا تھاکہ بھارت کشمیر اور پاکستان میں تو دہشت گردی میں ملوث ہے ہی اب نیٹو کی رکن ریاست کی خود مختاری کو بھی بھارت نے سبوتاژکردیا۔

ای پیپر-دی نیشن