• news

نیشاکمیونسٹ پارٹی آفس کا دورہ، چین سے دوستی کا رشتہ اٹل ہے: محسن نقوی

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے چینی صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں کیمونسٹ پارٹی سیکرٹری آفس پہنچنے پر ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری لیانگ یانشون نے محسن نقوی اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ محسن نقوی اور ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری لیانگ یانشون کی باضابطہ ملاقات ہوئی جس میں ننشیا کی ترقی اور ون ونڈو آپریشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا اور میٹ پروڈکشن، ڈیری ڈویلپمنٹ، آئی ٹی اور ڈریپ اریگیشن سسٹم میں چین کی مہارت سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق ہوا جبکہ ساہیوال اور بہاولپور کو ننشیا کے شہروں ووزہنگ اورژانگ وی کے سسٹر شہر قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے سیکرٹری ننشیا کیمونسٹ پارٹی لیانگ یانشون کو پنجاب کے دورہ کا تحریری دعوت نامہ دیا۔ اس موقع پر ننشیا اور پنجاب کے درمیان 17سال قبل سسٹر صوبے کے معاہدے کے احیاءپر بھی اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ اٹل ہے۔ ننشیا میں صنعتی اور زرعی ترقی کے ماڈل کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ سیکرٹری ننشیا کیمونسٹ پارٹی لیانگ یانشون نے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی کے کام سے متاثر ہیں۔ پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے تعاون سے دریغ نہیں کریں گے۔ محسن نقوی چینی شہر ین چوان میں ننشیاکیمونسٹ پارٹی کے وائس گورنر کے آفس بھی گئے۔ محسن نقوی اور وفد کے اعزاز میں کیمونسٹ پارٹی کے وائس گورنر نے استقبالی ظہرانہ دیا۔ باہمی ملاقات میں آئی ٹی، زراعت اور ڈیری ڈویلپمنٹ میں تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا، پنجاب اور ننشیا کے درمیان ثقافتی اور تجارتی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے قابل عمل تجاویز پر غور اور شہری ترقی کے لئے چین کی مہارت اور تجربات سے مستفید ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی چین کے شہر ین چوان کے سیاحتی مقام ہیلن مونٹین گئے۔ تھرڈ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کے شرکاء کے اعزاز میں ہیلن مونٹین میں عشائیہ دیا گیا۔ ہیلن مونٹین میں ننشیا فرینڈ شپ سٹیز فورم کے شرکاءکے لئے روایتی چینی ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے لاہور اور دیگر شہروں میں شدید بارش کی اطلاع پر چین سے واسا، ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ قبل ازیں محسن نقوی نے ننشیا میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ سرکاری مصروفیات کا آغاز صبح 9 بجے کیا اور بغیر آرام کئے رات 10 بجے تک مختلف تقریبات میں شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن