• news

نواز شریف کا استقبالی پلان تبدیل صرف قائدین ائرپورٹ جائیں گے‘ بلدیاتی کنونشن ملتوی

لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے استقبالی پلان میں معمولی ردوبدل کر دیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال صرف پارٹی کی مرکزی قیادت ہی کرے گی۔ پنجاب سمیت ملک بھر سے آنے والے پارٹی رہنما اور کارکنان نواز شریف کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ کے بجائے مینار پاکستان پر جمع ہوں گے۔ نواز شریف کو ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے مینار پاکستان نہیں لایا جائے گا، نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ سے مینار پاکستان پہنچیں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف مینار پاکستان جلسے سے خطاب کے بعد جاتی امرا رائیونڈ جائیں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جلسے سے خطاب کے بعد نواز شریف کی رائیونڈ واپسی کے حوالے سے دو تجاویز زیر غور ہیں، پہلی تجویز کے مطابق نواز شریف داتا دربار پر حاضری دے کر جاتی امرا روانہ ہوںگے جبکہ دوسری تجویز یہ ہے کہ مینار پاکستان پر اپنے خطاب کے فوری بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امرا رائیونڈ روانہ ہو جائیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے طلب سابق بلدیاتی نمائندوں کا کنونشن ملتوی کر دیا گیا۔ صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ جاتی امراءرائیونڈ میں شریف میڈیکل کمپلیکس کے گراﺅنڈ میں منگل کی سہ پہر سابقہ بلدیاتی نمائندوں کی تقریب ہونا تھی جو کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے منسوخ کی گئی۔ آئندہ چند دنوں میں تقریب کا دوبارہ اہتمام کیا جائے گا جس میں نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن