خصوصی افراد اپنے عزم سے دوسروں کیلئے مثال بنتے ہیں: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے خصوصی افرادکے وفدنے ڈاکٹر خالد جمیل کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگوکی گئی۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ خصوصی افراد غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں جو اپنے عزم اور حوصلے سے دوسرے لوگوں کے لیے ایک مثال بنتے ہیں۔ معاشرے میں ایسے افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ پنجاب حکومت اور متعلقہ محکموں کو بھی تاکید کریں گے کہ خصوصی افردکے لیے بلڈنگز میں ویل چیئرزکی رسائی کے لیے ریمپس اور دیگر ضروری سہولیات مہیا کی جائیں اور بسوں میں ٹرانسپورٹ اور مختلف بلڈنگز میں بھی یہ سہولت خصوصی افراد کو دی جائیں۔ اس موقع پر خصوصی افراد کی کھیلوں میں نمائندگی کے حوالے سے قائم ایک غیر سرکاری تنظیم کے صدر ڈاکٹر خالد جمیل، سینئیر وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر عفاف منظور اور سیکرٹری جنرل میاں محمد اظہر موجود تھے۔