• news

کینیڈا کا بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنا مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ: فردوس عاشق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کینیڈین وزیراعظم کے بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے سندھ رہنما ہردیپ سنگھ کا قتل اپنے اندر کئی راز سمیٹے ہوئے ہے۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا سکھ رہنما کے قتل کا بھارت پر الزام سنجیدہ نوعیت کا ہے۔ عالمی برادری کے نزدیک یہ الزام انتہائی سنگین ہے۔ بھارت اپنے آپ کو جمہوریت کی ماں کہتا ہے، اس کی قلعی کھل چکی ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی نے کہا بھارت کا جمہوری تماشا صرف لفظی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں، حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے دوسرے ملک میں دہشت گرد کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن