علیمہ‘ عظمیٰ‘ اسد عمر کی ضمانتوں میں توسیع‘ محمود الرشید ‘ خدیجہ شاہ‘ صنم جاوید و دیگر کی سماعت ملتوی
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگری عدالت کی جج عبہر گل خان نے جناح ہاﺅس حملہ کیس میں ملوث خدیجہ شاہ، صنم جاوید سمیت 34 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ 3 کیسوں میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی بعدازگرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر 28 ستمبر کو وکلاءکو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ تھانہ شادمان جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں میاں محمود الرشید و دیگر ملزمان کی ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے عدالت نے وکلاءکو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ دوسری طرف 9 مئی جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمات میںعلیمہ خان ، عظمیٰ خان ،اسد عمر و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 4 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے وکلاءسے دلائل طلب کر لئے۔ عدالت نے پولیس سے چالان بھی طلب کر لیا۔ دوران سماعت علیمہ خان نے روسٹرم پر آکر استدعا کی کہ میں جناح ہاﺅس نہیں گئی مگر مجھے نامزد کر دیا گیا۔ ہمیں انصاف دیا جائے۔