پولیس شہداءکے اہلخانہ کے مفت علاج کیلئے ایم او یو سائن
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سرور شاہدہ ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر سائنس ٹرسٹ کے عہدیداران نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور پولیس شہداءکے اہلخانہ کو لاہور اور گوجرانوالہ میں دل کی بیماریوں کے مفت علاج کی سہولت دینے کے حوالے سے ایم او یو سائن کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور صدر سرور شاہدہ ٹرسٹ،ڈاکٹر شعیب سرور نے سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو پر دستخط کئے۔ سرور شاہدہ ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر شعیب سرور، ڈاکٹر سعید الہی، اویس ظہور اور میاں عصمت اللہ تقریب میں موجود تھے، پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین اور اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل نے شرکت کی۔ ایم او یو کے تحت شہداءکے اہل خانہ کارڈک رسک اسیسمنٹ، چیسٹ، بلڈ پریشر، ڈایابیٹک، ہارٹ کلینکس سے مفت آو¿ٹ ڈور علاج کرواسکیں گے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہداکے اہل خانہ کے علاج کیلئے تعاون فراہم کرنے پر سرور شاہدہ ٹرسٹ اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرور شاہدہ ٹرسٹ کےساتھ ہونے والا ایم او یو پولیس شہداءکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر میں خصوصی سہولت کا باعث بنے گا۔ شہداءکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرور شاہدہ ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر شعیب سرور کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔