• news

اوور 40 گلوبل کپ: تصور عباس کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے امریکہ کو 1 وکٹ سے شکست دیدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ میں پاکستان ویٹرنز نے امریکہ ویٹرنز کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دےدی۔تصور عباس کی آخری لمحات میں شاندار بیٹنگ نے پاکستان کو ممکنہ شکست سے بچا لیا، پاکستان نے 251 رنز کا ہدف 9 وکٹوں پر 41 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔آٹھویں نمبر پر آنے والے تصور عباس نے شاندار نصف سنچری سکور کی، انہوں نے 63 گیندوں پر ناقابل شکست87 رنز بنائے ، کپتان مصباح الحق نے 64 اور طارق ہارون نے 43 رنز بنائے۔امریکہ کی جانب سے ثاقب حنیف اور نثار خان نے 3، 3 وکٹیں لیں۔کراچی میںکھیلے گئے میچ میں امریکہ کی ویٹرنز ٹیم کے کپتان نے پاکستان کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور44.3 اوورزمیں 250 رنزبناکر پوری ٹیم آو¿ٹ ہوگئی۔ امریکہ ویٹرنز کی جانب سے محمد فرخ نے 82رنز کی اننگزکھیلی، نثارخان 39 ، انور احمد 32 اور وینود شنکر نے 31 رنزبنائے۔پاکستان ویٹرنز کے حارث ایاز نے 4 وکٹیں حاصل کیں ،محمد سمیع ، حسن رضا،عمران علی ، کاشف صدیقی اور عبدالقادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ ایک اور میچ میں ہانگ کانگ ویٹرنز ٹیم نے نیپال ویٹرنز ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔کراچی میں معین خان کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے گئے میچ میں نیپال کی ٹیم 31.5 اوورز میں 105 رنز بناکر آو¿ٹ ہوگئی، سنتوش بھنڈاری نے 21 ، سمیر کیشتری 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔ہانگ کانگ کے کاشف شمس، شیلٹن جوزف اور خان ذر نے دو ، دو وکٹیں لیں۔ہانگ کانگ نے 106 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 27.4 اوورز میں حاصل کرلیا، جون پیٹرک نے 40 اور راہول سمبھس نے 30 رنز بنائے۔ گلوبل کپ میں 40 سے زائد عمر کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ایونٹ میں پاکستان سمیت 8 ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن