• news

تشدد، سرحد پار دہشتگردی، اسلاموفوبیا امن کیلئے خطرات: بلاول

اسلام آباد+لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو ان مسائل سے نمٹنے کی ضرورت ہے جو عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہیں۔ امن کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ”تشدد، سرحد پار دہشت گردی، اسلام فوبیا، خطوں پر غیر قانونی قبضہ، عالمی اقتصادی اور موسمی ناانصافی اور انسانی عدم مساوات کرہ ارض پر پائیدار اور مستقل امن کے لیے اہم خطرات ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ عالمی براری کو دنیا میں امن کے عظیم مقصد کے حصول کے لیے ناانصافیوں، مظالم، انسانوں کے درمیان امتیازی سلوک اور غریب، پسماندہ اور بے آواز لوگوں کے استحصال کے خلاف بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات، بھارتی دہشت گردوں کے ہاتھوں کینیڈا میں ہردیپ سنگھ کے بہیمانہ قتل کی طرح دوسرے ملکوں کی سرزمین پر ٹارگٹ کلنگ کرنا اور پاکستان کے اندر اور دیگر ممالک میں بھی سرحد پار دہشت گردی کے حملے بھی بین الاقوامی امن کے لیے شدید خطرات ہیں، جس میں بھارت جیسے ممالک کا کلیدی کردار ہے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر زرداری سے بلاول ہاو¿س لاہور میں ملاقات کے بعد سردار حسن اختر موکل کے صاحبزادے جہانزیب حسن موکل ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ آصف علی زرداری سے بلاول ہاو¿س بحریہ ٹاو¿ن لاہور میں وسیم سجاد کی بہو ماہ رخ حمید نے بھی ملاقات کی اور ماہ رخ حمید پی پی پی میں شامل ہو گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن