• news

پاک چین تعلقات، امن استحکام اور خوشحالی کیلئے ضروری: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی محسن نقوی نے چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں تیسرے ننشیا انٹرنیشنل فرینڈشپ سٹیز فورم کا افتتاح کردیا۔ محسن نقوی نے تھرڈ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈشپ سٹیز فورم سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ پاک چین تعلقات پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے ضروری ہیں۔ پاکستان اور چین کے مزید مضبوط، جامع اور ہمہ گیر تعلقات دونوں ممالک کے بہترین مفاد کیلئے ناگزیر ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ آل ویدر کوآپریٹو سٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی اور برادرانہ تعلقات ہمیشہ بلندیوں کی طرف گامزن رہیں گے۔ روشن اور تابناک مستقبل کے لئے پاکستان اور چین کو آگے بڑھنا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین گزشتہ 7دہائیوں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعلقات کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔ پاکستان اور چائنہ ثابت کر چکے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات کیلئے باہمی اعتماد اور انڈرسٹینڈنگ بنیادی امور ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینشیٹو کی 10ویں سالگرہ منا ئی جا رہی ہے۔ سپیشل اکنامک زونز، تمام جاری منصوبوں کی تکمیل اور گوادر بندرگاہ کی تیز رفتار ترقی کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ سرمایہ کار، صنعتکار اور تاجر سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینشیٹو کے ترقیاتی منصوبوں کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ فرینڈشپ فورم میں شرکت اور آپ سے مخاطب ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ کیمونسٹ پارٹی اور ننشیا کے عوام کا فرینڈشپ فورم میں میزبانی پر مشکور ہوں۔ فورم نے ہمیں مل بیٹھنے اور اجتماعی دانش سے مستفید ہونے کا نادر موقع فراہم کیا۔ ماضی میں بہت سے چینی بھکشو شاہراہ ریشم پر سفر کر کے گندھارا اور وادی سندھ کی لازوال تہذیب کا مشاہدہ کرچکے ہیں۔ چینی بھکشو پاکستان میں ہزاروں سال پرانی تہذیب میں پوشیدہ علم اور دوستی کے پیغام سے استفادہ کرچکے ہیں۔ سفارتی تعلقات کی شروعات سے متعدد شہر اور صوبوں کے دوستی اور ہم آہنگی کا علم لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے شہروں اور صوبوں نے آپس میں تعلقات کو مضبوط رکھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے 43صوبوں اور شہروں نے دوستی کے رشتے قائم کر کے ہمارے مستقبل کے تعلقات کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ پاک چین روابط باہمی اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ سی پیک اور چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی جہت فراہم کی ہے۔ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور حالیہ برسوں میں دو طرفہ تجارت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے لیڈرز نے دونوں ممالک کے مفاد کیلئے سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب حکومت کے وفد نے ین چوان میں دودھ کی جدید پراسیسنگ فیکٹری اور سٹیٹ آف دی آرٹ ون ونڈو سسٹم کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراءنے چائنہ فرسٹ ڈیپ پراسیسنگ انٹرپیرز اور ین چوان شہر کے ون ونڈو سسٹم کا 4 گھنٹے تفصیلی دورہ کیا۔ صوبائی وزراء کو ملک پراسیسنگ، cheese، پروٹین اور دیگر ویلیو ایڈیشن اشیاءکے بارے میں بریف کیا گیا۔ صوبائی وزراء کو ین چوان شہر کے وسط میں قائم تیز رفتار ون ونڈو آپریشن کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزراء نے ون ونڈو سسٹم کے تحت شہریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ صوبائی وزراءکو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ون ونڈو آپریشن کے بعد دفاتر میں استعمال ہونے والی 69 سرکاری مہریں ختم کر دی گئی ہیں اور تمام مہریں ون ونڈو آپریشن کے ہال کے ایک باکس میں رکھی گئی ہیں۔ آن لائن درخواست فارم فل نہ کرنے والے شہریوں کیلئے الگ ہال میں فارم فل کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ون ونڈو ایڈمنسٹریشن سیل میں درخواست موصول ہونے کے بعد چند منٹ میں پراسیس مکمل ہو جاتا ہے۔ شہریوں کو صرف ایک بار ہی ون ونڈو ایڈمنسٹریشن آنا پڑتا ہے۔ ون ونڈو ایڈمنسٹریشن میں فراہم کردہ سہولتوں اور درخواستوں پر کارروائی کے حوالے سے 99 سے زائد شہری مطمئن ہیں۔ محسن نقوی پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی صوبے کے پہلے وزیر اعلی ہیں جنہیں چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین سچوان میں تیسرے ننشیا انٹرنیشنل فرینڈز سیٹز فورم کے افتتاح کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ فورم میں دنیا کے 18 سے زائد ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو ننشیا کی حکومت نے سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا اور وزیر اعلی محسن نقوی اور ان کے وفد کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن