انٹربنک میں ڈالر مزید ایک روپیہ سستا‘ سونے کی قیمت 2000 روپے تولہ گر گئی
کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالر سستا ہو گیا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔سٹیٹ بنک کے مطابق بدھ کو انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 1.02روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت 294.90روپے سے گھٹ کر293.88 روپے پر آ گئی تاہم فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر296 روپے پر بدستور برقرار رہی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر 1روپے کی کمی سے 318روپے پر آگئی جبکہ3روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاو¿نڈ کی قدر371روپے سے بڑھ کر 374روپے پر جا پہنچی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت79روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت82.80روپے پر برقرار رہی۔ دوسری طرف ویب سائٹس پر دیئے گئے سونے کے ریٹ کے مطابق گولڈ مارکیٹوں میں بدھ کو کاروبار کے دوران 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 2000 روپے گھٹ گئی اور فی تولہ قیمت 2 لاکھ 19 ہزار 700 روپے کی سطح سے کم ہوکر 2 لاکھ 17 ہزار 900 روپے ہو گئی۔