• news

بیروزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،صدر

کراچی (آئی ا ین پی ) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بیروزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں اور خدمات ناگزیر ہیں، کاروباری برادری کو سماجی شعبے کی بہتری کے لئے ذمہ داری پوری کرنا چاہیے۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ایوان صنعت و تجارت کراچی کے وفد نے ملاقات کی جس میں صدر عارف علوی نے بیروزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے رضاکارانہ خدمات اور چیمبرز کی فعال شمولیت ناگزیر ہے، کاروباری برادری کو سماجی شعبے کی بہتری کے لئے ذمہ داری پوری کرنا چاہیے۔ صدر عارف علوی نے پاکستان میں جامع معاشرے کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چیمبرز خواتین کو مستقبل کی صنعت کار بننے کے لیے حوصلہ افزائی کریں، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنا چاہیے، کارپوریٹ سیکٹر اپنے کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دے۔ صدر مملکت نے بینکنگ سیکٹر کی گزشتہ تین سال میں کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چیمبرز صنعتی شعبے میں خواتین کی 20 سے 25 فیصد ملازمت یقینی بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک میکانزم تیار کریں، صدر مملکت نے ملک کے کچھ بینکوں میں خواتین کی 30 فیصد نمائندگی کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن