• news

آئین سیاسی پناہ کا حق تسلیم کرتا، افغان خاتون کیخلاف مقدمہ خارج: اسلام آباد ہائیکورٹ

 اسلام آ باد (وقائع نگار ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے افغان خاتون کے خلاف پاکستانی ویزہ نہ ہونے کے الزام کے تحت درج مقدمہ خارج کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے، فیصلے کے مطابق آئین پاکستان سیاسی پناہ کا حق تسلیم کرتا ہے، عدالت نے 9 ماہ جیل میں گزارنے والے خاتون کے خلاف درج مقدمہ خارج کردیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق افغانستان میں راحیل عزیزی کو خطرات تھے،جان بچانے پاکستان آئی، سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا۔عدالت کا کہنا ہے کہ افغان خاتون کو آسٹریلیا کی حکومت بھی ویزہ جاری کرچکی ہے، پاکستان میں درج مقدمے کی وجہ سے افغان خاتون آسٹریلیا نہیں جاسکی، عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو خاتون کو آسٹریلیا جانے کے لیے اجازت نامہ دینے کا حکم دیدیا۔ فیصلے کے مطابق راحیل عزیزی کیخلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا، یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے افغان خاتون راحیل عزیزی کیخلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن