اعجاز چودھری کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، کرنل (ر) اجمل صابر کے ریمانڈ میں توسیع
لاہور راولپنڈی (خبر نگار+ جنرل رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے کلمہ چوک میں کنٹینر اور مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص ر¶ف نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید و دیگران کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق دائر اپیلوں پر ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت نے قانونی نکتے کو طے کرنے کے لیے عدالتی معاون مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ دریں اثناءڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ملک مشتاق احمد اوجلہ نے تحریک انصاف کے چیئر مین کی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی میں پر تشدد مظاہرے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما کرنل (ر) اجمل صابر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3یوم کی توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ 23ستمبر کو ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کر کے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔ گزشتہ روز 5روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر تھانہ وارث خان پولیس نے کرنل (ر) اجمل صابر کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے مزیدجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مزید 3یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔