باہمی تعاون سے منفی پروپیگنڈا ‘ شرپسندانہ کاروائیوں کا خاتمہ کیا جائےگا:آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس اور مسیحی کمیونٹی لیڈرز مل کر بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہیں اورباہمی تعاون ومشترکہ اقدامات سے منفی پروپیگنڈہ کو زائل کرتے ہوئے شرپسندانہ کاروائیوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔ اختلاف رائے رکھنا بنیادی انسانی و معاشرتی جبلت ہے، تحفظ کا احساس ایک دوسرے پر اعتماد سے شروع ہوتا ہے، کسی بھی ذاتی فعل و انتقامی کاروائی کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال انتہائی غیر مناسب، قابل دست اندازی جرم ہے۔ محفوظ و پر امن پنجاب اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہم سب کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا۔ مسیحی کمیونٹی کے سپوت ہمارے ملک کے عظیم بیٹے، لیڈرز اور یکساں حقوق کے حامل شہری ہیں، باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات سے منفی پروپیگنڈا کو زائل اور شرپسندانہ کاروائیوں کا خاتمہ کیا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں مسیحی کمیونٹی لیڈرز، پادری اور مسیحی سکالرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ دوران ملاقات مسیحی لیڈرز سے قریبی رابطے کیلئے میثاق کونسل کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔