منشیات کے سب سے بڑے ہسپتال کا دورہ، شفا خانوں کیلئے چین کے تجربہ سے فائدہ اٹھائیں گے: محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چین کے شہر ین چوان میں صوبہ ننشیا کے سب سے بڑے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔ ننشیا ہسپتال کے حکام نے محسن نقوی کو دستیاب سہولتوں اور طریق کار پر بریفنگ دی۔ ننشیا کا سب سے بڑا جنرل ہسپتال 3500 بستروں پر مشتمل ہے۔ محسن نقوی نے ننشیا جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف سے بھی گفتگو کی۔ استقبالیہ، وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ریسٹ روم بھی دیکھے۔ محسن نقوی نے بلڈ سیپمل کولیکشن روم، میڈیکل سٹور اور ایمرجنسی وارڈ کا جائزہ لیا اور جدید ترین طبی آلات سے لیس ایمبولینس گاڑیوں کا مشاہدہ بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے علاج معالجے کے لئے موجود جدید مشینری اور آلات بھی دیکھے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ننشیا کے سب سے بڑے جنرل ہسپتال کا مینجمنٹ سسٹم لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔ ازبکستان کے بعد چین کے دورہ میں دوسرے غیر ملکی ہسپتال میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے اسی طرز پر طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے ننشیا حکومت کی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا جنرل ہسپتال میں کام کرنے والے پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب محسن نقوی ٹوئٹر ٹرینڈ ٹاپ پر آ گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی گزشتہ تین دن میں دوسری دفعہ ٹرینڈز میں ٹاپ پر رہے۔ ” محسن نقوی ان چائنا“ ٹاپ ٹرینڈز میں پہلے نمبر پر آرہا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دورہ چین کو ننشیا کے مقامی ذرائع ابلاغ میں بھی خصوصی کوریج حاصل ہوئی۔