• news

کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے‘ چترال میں مکمل امن ہے: کور کمانڈر پشاور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) کور کمانڈر پشاور نے کہا کسی بھی گروہ یا فرد کو امن و امان، سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے اور ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر پشاور نے چترال کا دورہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ، شہریوں اور شہداءکی فیملیز سے ملاقات کی، دورہ کے دوران کور کمانڈر نے ضلعی انتظامیہ کے عہدداران اور عام شہریوں سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور کو چترال میں سکیورٹی کی صورتحال اور امن کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں شرکاءکو بتایا گیا کہ امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ چترال کے لوگوں کے تعاون سے دہشتگردوں کے حملے ناکام‘ پراپیگنڈا کو بھی ناکام بنایا جس کے لئے سب خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا چترال کے لوگ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ امن کو یقینی بنائے گی۔ قدرتی حسن سے مالامال چترال کی سرزمین میں مکمل امن ہے، سیاح افواہوں پر یقین نہ کریں اور چترال آئیں۔

ای پیپر-دی نیشن