آئی ٹی سکلز سکھا کر نوجوانوں کو روزگار دیا جا سکتا ہے: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آئی ٹی سے وابستہ انٹر پرینورز کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو آئی ٹی انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدت سے ہم آہنگی پیدا کر کے ہی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ آئی ٹی سکلز سکھا کر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کیے جا سکتے ہیں۔ یونیورسٹیوں میں آئی ٹی کے اوپر ایک کنسورشیم بنایا ہے۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ حکومت آئی ٹی انڈسٹری پر توجہ کرے تو آئی ٹی ایکسپورٹس میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ وفد میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان بٹ، شاہ حسین، کنول چیمہ اور عابد بٹ سمیت مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے سی ای اوز شامل تھے۔ دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت کیڈٹ کالج اوکاڑہ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ جلاس میں کیڈٹ کالج اوکاڑہ کے بجٹ 24-2023 کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری نمائندہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن محترمہ فریحہ تحسین، نمائندہ سیکرٹری فنانس ڈاکٹر ثمن عباس، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ڈائریکٹر انسٹیٹیوشنزہیومن ریسورسز، کرنل محمد نوید الرحمن، نمائندہ جی اوسی 40 ڈویڑن میجر عرفان علی، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد ذیشان حنیف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محترمہ فرح بیگم، پرنسپل کیڈٹ کالج پروفیسر عامر رﺅف، میاں محمد منیر، محمد مزمل، منصور حیدر جاوید، سابق پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ، پروفیسر ظفر علی ٹیپو، سعید احمد وٹو، مسز شہناز ظفر اور ڈاکٹر نسرین موجود تھے۔ علاوہ ازیں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماﺅنٹ مناسلو سر کرنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔