• news

لکی مروت،دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل شہید

لکی مروت(نامہ نگار) دہشت گردوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس لکی مروت میں تعینات آفس ہیڈ کانسٹیبل (او ایچ سی) ولی شاہ خان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، ان کی لاش طبی مراد گاﺅں کے قریب کھیتوں میں پڑی ملی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل انتہائی فرض شناس اور دیانتدار تھے اور معمول کے مطابق دفتر سے چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر گاﺅں کے لئے روانہ ہوئے کہ راستے میں دہشت گردوں نے انہیں شہید کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد شہید پولیس اہلکار کی لاش کھیتوں میں پھینک کر ان کاموٹر سائیکل اور موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تاجہ زئی میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش پولیس لائنز منتقل کی گئی جہاں شہید ہیڈ کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سول و آرمی افسران سمیت سماجی و سیاسی شخصیات کی شرکت کی۔ریجنل پولیس آفیسر بنوں قاسم علی خان، بریگیڈئر عمران، ڈپٹی کمشنر رحمت علی ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق حبیب اور ایس پی انوسٹی گیشن مرادخان نے شہیدکے کفن پر پھول رکھے جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔ اس موقع پر لواحقین سے باتیں کرتے ہوئے آر پی اوقاسم علی خان نے ہیڈ کانسٹیبل ولی شاہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور پولیس واقعہ میں ملوث شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے حوصلے بلند ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ بعد میں شہید ولی شاہ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے گورکہ دلاسہ شاہ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن