بنوں، شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کے 2 آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک، 5 گرفتار
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) سکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں 2 آپریشنز، 8 دہشتگرد ہلاک،5 گرفتار، دو اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کئے گئے ،آپریشنز کے دوران8 دہشتگرد مارے گئے،5 دہشتگرد اور ان کے سہولت کار گرفتارکر لئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پہلے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزاور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ دہشت گردسکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان میں 31 اگست 23 کو جانی خیل کے مقام پر فوجی قافلے پر موٹر سائیکل سوار خودکش حملے میں سہولت کاری شامل تھی جس میں 9 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ دوسری طرف شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک اور آپریشن میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید مقابلے میں2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ اہل علاقہ نے سکیورٹی فورسز کےآپریشن کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔