ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے مسلم، مسیح کمیونٹی کے درمیان ”میثاق جڑانوالہ“ پر دستخط
جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم مسیحی کمیونٹی کے مابین اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے ”میثاق جڑانوالہ“ کے 6 نکاتی ایجنڈے پر دستخط کئے ہیں۔ مرکزی تقریب میں تمام مذاہب، مسالک کے علماءکرام، مسیحی کمیونٹی کے پادریوں، ممبران امن کمیٹی و شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، ایس پی بلال محمود سلہری، ڈی ایس پی سرکل جڑانوالہ ملک طارق، تمام مسالک و مذاہب کے علماءکرام اور مسیحی کمیونٹی کے پادریوں، مفتی یونس رضوی، تاجر برادری، سول سوسائٹی، صحافیوں، صدر پریس کلب مہر آصف نذیر، جنرل سیکرٹری صابر گھمن، صدر الیکٹرونک میڈیا سجاد قادری، جنرل سیکرٹری رانا عظیم حیدر و دیگران نے بھرپور شرکت کی۔ تحریر کیا گیا کہ تمام شہری ریاست پاکستان کے دستور کو تسلیم کریں اور ریاست پاکستان کی عزت و تکریم کو یقینی بنائیں اور ہر حال میں ریاست کے ساتھ وفاداری نبھائیں گے۔ جڑانوالہ میں مستقل طور پر مذہبی رواداری اور قیام امن کیلئے مسلم مسیحی کمیونٹی ملکر کام کریں گے۔ پاکستان کے غیر مسلم شہریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ مذہبی رسومات کی ادائیگی اپنے عقائد کے مطابق کریں گے۔ کوئی شخص بین المذاہب اور بین المسالک فرقہ وارانہ نفرت اور اپنے نظریات کسی دوسرے پر مسلط نہیں کرے گا۔