• news

سندھ اسمبلی کے سب سے زیادہ اجلاس‘ معلومات تک رسائی میں کے پی کے اسمبلی آگے: پلڈاٹ

اسلام آباد (نامہ نگار) پلڈاٹ نے چاروں صوبائی اسمبلیوں کی مدت (2018-2023) کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں بالترتیب 14 جنوری اور 18 جنوری 2023 ءکو قبل از وقت تحلیل ہو گئی تھیں جبکہ سندھ اسمبلی کو بھی 11 اگست 2023 کو اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے ہی تحلیل کر دیا گیا تھا، صرف بلوچستان صوبائی اسمبلی نے 12 اگست 2023 تک اپنی پانچ سال کی مدت پوری کی۔ رپورٹ کے مطابق شفافیت اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی معلومات تک رسائی کے لحاظ سے، کے پی کے اسمبلی نے دیگر تمام صوبائی اسمبلیوں کو 11 میں سے 8.5 کے سکور کے ساتھ پیچھے چھوڑ دیا۔ رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی نے اپنی مدت کے پانچ سال کے دوران ہونے والے اجلاسوں کے لحاظ سے دیگر تین صوبائی اسمبلیوں کو پیچھے چھوڑ دیا کیونکہ اس نے سالانہ اوسطاً 65 اجلاسوں کے ساتھ 326 اجلاس بلائے۔ بلوچستان اسمبلی نے ان وزرائے اعلی کی حاضری کے لحاظ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جنہوں نے پانچ سال کی مدت کے دوران بلوچستان اسمبلی کے اجلاسوں میں سب سے زیادہ فیصد (31%) شرکت کی۔ یہ جام کمال خان، ایم پی اے، بی اے پی کی مشترکہ حاضری ہے جنہوں نے 33 فیصد نشستوں میں شرکت کی اور میر عبدالقدوس بزنجو، ایم پی اے، بی اے پی جنہوں نے صرف 18 فیصد نشستوں میں شرکت کی۔ چاروں وزرائے اعلی میں سے کسی کی بھی سب سے کم حاضری وزیراعلی کے پی، جناب محمود خان، ایم پی اے، پی ٹی آئی کی تھی جنہوں نے اپنے 4 سال اور 5 ماہ کے دور میں صرف 8 فیصد اجلاسوں میں شرکت کی۔ بلوچستان اسمبلی بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر بھی سرفہرست ہے، ملک سکندر خان، ایم پی اے، ایم ایم اے پی جنہوں نے پانچ پارلیمانی سالوں کے دوران 63 فیصد اجلاسوں میں شرکت کی۔ سب سے کم حاضری پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی دیکھی گئی جنہوں نے صرف 12 فیصد اجلاسوں میں شرکت کی جو کہ محمد حمزہ شہباز شریف اور محمد سبطین خان، ایم پی اے، پی ٹی آئی کی مشترکہ حاضری ہے۔ اگرچہ کے پی اسمبلی کو اس کی اصل مدت سے سات ماہ قبل تحلیل کر دیا گیا تھا، لیکن اس کے 4 سال اور 5 ماہ کی مدت کے دوران، اس نے 188 بل منظور کیے جس میں سالانہ اوسطا 43 بل منظور کیے گئے جو کہ سالانہ منظور کیے جانے والے اوسط بلوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد پنجاب اسمبلی کا نمبر آتا ہے جس نے سالانہ اوسطا 41 بلوں کے ساتھ 180 بل منظور کیے ہیں۔ سندھ اسمبلی نے سالانہ اوسطا 30 بلوں کے ساتھ 149 بل منظور کیے ہیں اور بلوچستان اسمبلی اپنی 5 سالہ مدت میں سالانہ اوسطا 19 بلوں کے ساتھ صرف 96 بل پاس کرسکی ہے جو کہ چار وں صوبوں میں منظور کیے جانے والے بلوں کی سب سے کم تعداد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن