کرتار پور میں بابا گورونانک کی 484 ویں برسی‘ اکھنڈ پاٹھ کی رسم
شکر گڑھ (نامہ نگار) کرتار پور میں بابا گورو نانک کی 484 ویں برسی کی 3 روزہ تقریبات کے سلسلہ میں دوسرے روز کی تقریبات میں نگر کیرتن کا جلوس دربار سے زیرو لائن تک نکالا گیا۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری نگر کیرتن کے جلوس میں شریک ہوئے۔ دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ لنگر میں یاتریوں کی سیوا کے لئے انواع و اقسام کے کھانے تیار کئے گئے۔ الوداعی تقریب اکھنڈ پاٹھ 22 ستمبر کو کرتار پور میں ہو گی۔ سکھ یاتریوں کے لیے میڈیکل، لنگر اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بابا گورو نانک دیو جی کی 484 ویں برسی کی تین روزہ تقریبات کے دوسرے روز بھارت اور پاکستان کے علاوہ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری کرتار پور پہنچے۔ کرتار پور دیوان ہال میں اکھنڈ پاٹھ صاحب کی رسم ادا کر دی گئی۔ آنے والے سکھ زائرین نے سیوا نشان صاحب اور شام کی عبادات مذہبی جوش و جذبے سے ادا کیں۔ کرتار پور میں بھوگ سری اکھنڈ پاٹھ صاحب کی الوداعی تقریب آج مرکزی دیوان ہال میں ہو گی۔ پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے سکھ یاتری 3 روزہ قیام کے بعد واپس روانہ ہو جائیں گے۔ انڈین کرتار پور راہداری سے آنے والے سکھ یاتری روزانہ کی بنیاد پر واپس لوٹ رہے ہیں۔ بیرون ممالک سے آئے سکھ یاتریوں نے کرتار پور میں سہولیات اور انتظامات کی تعریف کی۔