• news

بھارت کشمیریوں کے خلاف بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے: چوہدری انوارالحق

اسلام آباد(کے پی آئی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارت کی دہشت گرد بدنام خفیہ ایجنسیرانے جس طرح کینیڈا کے شہری ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کیا اسی طرح وہ کشمیریوں کے خلاف بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ امریکہ سمیت یورپی ملکوں کو چاہیے کہ وہ بھارت کی جانب سے اس طرح کے دہشت گردی کے واقعات کے سدباب کے لیے اقدامات کرے۔خصوصی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے کینیڈا کے شہری کو قتل کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں کشمیری ایک عرصے سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں سفاکانہ واقعات میں ملوث ہے جہاں ایک عام کشمیری شہری کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ کینیڈا نے خود تحقیق سے ثابت کر دیا کہ اسکے شہری کے قتل میں بھارت ملوث ہے تو عالمی طاقتوں نے بھی اسکی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے اسکا ردعمل کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن