سکھ رہنما کا قتل، جسٹن ٹروڈو کی عالمی رہنماﺅں سے ون آن ون ملاقاتیں
نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے عالمی رہنماوں سے ون آن ون ملاقاتیں کیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے عالمی رہنماوں کو خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ٹہرانے کی وجوہات پر اعتماد میں لیا۔ کینیڈا کے وزیر ہرجیت سجن نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم ٹروڈو خالصتان تحریک کے مقتول کینیڈین رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے مبینہ ملوث ہونے کا معاملہ صرف اس لیے سامنے لائے کیونکہ میڈیا بھانڈا پھوڑنے والا تھا۔ہرجیت سجن کا کہنا تھا کہ ترجیح تو یہی تھی کہ معاملہ سامنے نہ لایا جاتا مگر اس سے پہلے کہ معاملہ ہیڈلائنز کی زینت بنتا، وزیراعظم ٹروڈو چاہتے تھے کہ عوام تک درست معلومات پہنچ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک شواہد کا تعلق ہے تو وہ پولیس کے پاس ہوتے ہیں، اور وہی فیصلہ کرتی ہے کہ اگلا قدم کیا ہوگا۔ خالصتان تحریک کے رہنما نجر کو سرے میں گوردوارے کے باہر گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔