• news

چیف جسٹس کی قائداعظم یونیورسٹی سنڈیکٹ اجلاس میں شرکت، طلبہ یونین بحالی کا فیصلہ

اسلام آباد (نامہ نگار) چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ روز قائداعظم یونیورسٹی سنڈیکیٹ اجلاس میں بحیثیت رکن شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے جامعہ میں طلبہ یونین کی بحالی کا فیصلہ کرلیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں طلبہ یونین کےلئے قواعد طے کرنے کےلئے کمیٹی قائم کی گئی۔ دوران اجلاس جسٹس فائز عیسیٰ نے قائد اعظم یونیورسٹی میں اسلحہ بردار پولیس، رینجرز اور سکیورٹی کی موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین غیر جماعتی ہو، فرقہ واریت اور لسانی تقسیم سے پاک ہو، یونیورسٹی کو اسلحے اور منشیات سے پاک رکھیں۔ چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے پہلے قانون میں یونین موجود تھی، جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاءکے پہلے حکم میں یونیورسٹی یونین ختم کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی یونیورسٹی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیں، ایجنسیوں کو بھی یونیورسٹی معاملات سے پرے رکھیں، یہاں اعلیٰ تعلیم پر توجہ دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن