ورلڈکپ: پاکستان‘ بھارت میچ ‘ ہوٹل کے کرائے‘ایئر ٹکٹس مزید مہنگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شیڈول پاک بھارت میچ کئی لوگوں کےلئے منافع کمانے کا سبب بن گیا ہے،ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت میچ کی وجہ سے ہوٹل کے کرائے اور ایئر ٹکٹس مزید مہنگے ہوگئے ہیں۔ ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے ہوٹل کے ایک کمرے کا کرایہ 80 ہزار روپے تک مانگا جا رہا ہے جبکہ ٹریول آپریٹرز نے ایئر لائنز سے فلائٹس میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہوٹل کے کمروں کا کرایہ اور فضائی ٹکٹس کی مانگ 13 اور 16 اکتوبر کے درمیان بڑھی ہے۔ ہوٹل میں کمروں کا حصول تقریباً نا ممکن ہوگیا ہے جبکہ جہاز کا ٹکٹ بھی جیب پر بھاری پڑنے لگا ہے جس میں 415 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ بھارت کے کسی بھی کونے سے احمد آباد جانے کے فضائی ٹکٹس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔بھارت کے مختلف شہروں سے احمد آباد کا ٹکٹ 5 سے 12 ہزار روپے میں دستیاب ہوتا ہے جس کی قیمت میں اب پاکستان بھارت میچ کی وجہ سے 104 سے 415 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ میچ میں ابھی 3 ہفتے باقی ہیں اور اس حوالے سے قیمتوں میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔ پاکستان اور بھارت کا میچ احمد آباد میں 14 اکتوبر کو شیڈول ہے۔