وزیر اعلیٰ آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری کرم دادکا ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)نوائے وقت میں شیخوپورہ کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری کرم داد نے شیخوپورہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تےمور ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عثمان جلیس ، اسسٹنٹ کمشنر لاریب اسلم اور محکمہ صحت شیخوپورہ کے اہلکار بھی موجود تھے ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین نے شکایات کے انبار لگادیئے ہسپتال میں مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی کے ساتھ ساتھ غیر مناسب رویے کی شکایات کی گئی جس پر ایڈیشنل سیکرٹری نے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کی باز پرس کی اس دوران ایڈیشنل سیکرٹری مریضوں کے وارڈ میں موجود واش روم گئے جہاں صفائی نہ ہونے پر وہ شدید برہم ہوئے اور ہسپتال میں ادویات کے ٹینڈروں اور لوکل پرچیز میں ہونے والی کرپشن کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو فور ی انکوائری کرنے کی ہدایت کی علاوہ ازیں ایڈیشنل سیکرٹری نے عوامی شکایات پر زیر تعمیر محلہ رسول نگر انڈرپاس کا دورہ بھی کیا جہاں مکینوں نے انہیں بتایا کہ ٹھیکیدار نے دونوں اطراف کی آبادیوں کے ہزاروں مکینوں کو متبادل رستہ فراہم نہیں کیا ۔