مسئلہ کشمیر سے متعلق نگران وزیراعظم کا مطالبہ
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی جس کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے 5 اگست 2019ءکو بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کو بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ یہ پہلا موقع نہیں پاکستان کی طرف سے اعلیٰ سطح پر اقوامِ متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، پاکستان گزشتہ پون صدی کے دوران کئی بار ایسا کرچکا ہے لیکن اقوامِ متحدہ اس سلسلے میں بے بس دکھائی دیتا ہے۔ اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل سمیت تمام اہم عالمی اداروں اور بین الاقومی برادری کو اس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری قوت کے حامل ممالک ہیں اور ان کے مابین مسئلہ کشمیر کی وجہ سے تعلقات اکثر کشیدہ رہتے ہیں جو کسی بھی بڑے ناخوشگوار واقعے کو جنم دینے کا باعث بن سکتے ہیں اور ایسی صورت میں صرف اس خطے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا نقصان ہوسکتا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں جتنی جلد ممکن ہوسکے مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کی کوشش کرے۔