عمران کیخلاف سائفر کیس کی سماعت کل، عبوری جمانتوں کی 28ستمبر کو ہوگی
اسلام آباد،لاہور (نمائندہ نوائے وقت، خبرنگار،نوائے وقت رپورٹ) سائفر کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سائفر کیس پیشرفت ہوئی جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی۔ اس سلسلے میں رجسٹرار ہائیکورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پیر کوسماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے جس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کریں گے۔ عدالت نے دلائل کیلئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق درخواست پر سماعت 25 ستمبر کوکریں گے۔ عدالت نے کچھ روز قبل دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کےخلاف دائر درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2رکنی بنچ 28 ستمبر کو سماعت کرےگا۔