سعودی عرب نے ہمیشہ ساتھ دیا، شہباز شریف، 72برس ہوگئے
جہانیاں‘ اسلام آباد (این این آئی‘ خبر نگار) شہباز شریف 72 برس کے ہو گئے۔ ان کی سالگرہ 23 ستمبر ہفتہ کو منائی گئی۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام ملک بھر میں بھی سالگرہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور شہباز شریف کی درازی عمر اور صحت و تندرستی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ میاں شہباز شریف 23 ستمبر 1951ءکو لاہور میں پیدا ہوئے۔ دوسری جانب محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے 93 ویں یوم وطنی پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارک دیتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کے قومی دن پر مبارک اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے قیام کو 93 سال مکمل ہونے پر پاکستان کے عوام، محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)کی جانب سے دلی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہیں ۔23 ستمبر 1932 ءکو بانی سعودی عرب عبدالعزیز بن الرحمان آل سعود سے لے کر آج تک آنے والی قیادت کی مسلسل محنت، بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت سعودی عرب شاندار ترقی سے ہم کنار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دو بھائی ہیں جنہوں نے وقت اور حالات سے قطع نظر اخوت و بھائی چارے اور تعاون و اشتراک عمل کے برادرانہ تعلقات کو مظبوط سے مظبوط تر بنایا ہے۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کی فراخ دلانہ مدد کی ہے جو لائق تحسین اور ناقابل فراموش ہے۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان پر لگنے والی پابندیوں کے دوران بھی سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا تھا، حالیہ عرصے میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں سعودی قیادت نے خصوصی کردار ادا کیا۔