احتساب کا بیانیہ لے کر الیکشن میں جائینگے، نواز شریف: منشور کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ
لندن (نمائندہ خصوصی، آئی این پی،نوائے وقت رپورٹ ) لندن میں مسلم لیگ(ن)کے اہم اجلاس میں پارٹی بیانیے اور منشور کےلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے تجویز طلب کرلیں، 7 دن کے اندر اندر تحریری طور پرتجاویز نوازشریف کو دی جائیں گی۔ دیگر معاملات کے بجائے صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے رہنماں کو ہدایت کی کہ ادھر ادھر کے بجائے ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے۔ دوسری جانب پارٹی رہنماﺅں کے تحفظات کے پیش نظر نوازشریف تمام معاملات براہ راست خود دیکھیں گے۔ دوسری جانب اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئر ممبر کو اعتراض نہیں ہو گا۔ اندرونی کہانی کے مطابق نوازشریف نے اجلاس میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) احتساب کا بیانیہ لیکر ہی الیکشن میں جائے گی۔ ملک سے کھلواڑ کرنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ذات کا معاملہ ہوتا تو معاف کر دیتا‘ لیکن ترقی کرتے پاکستان کے خلاف سازش برداشت نہیں کی جا سکتی۔ مریم نواز نے اجلاس میں بعض پارٹی رہنماﺅں کے تحفظات سے آگاہ کیا جنہیں نوازشریف نے دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔