پاکستانی روپے میں استحکام انتہائی خوش آئند ہے:شیخ فیصل ایوب
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کے صدر شیخ فیصل ایوب،سینئرنائب صدر حمیس گلزار مغل اور نائب صدر عادل ندیم نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈالر کی مسلسل گرتی ہوئی قدر اور پاکستانی روپے میں استحکام انتہائی خوش آئندہے،جوکہ بلاشبہ نگران حکومت کی بہترین اورٹھوس حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔تیزی سے گرتی ہوئی ڈالر کی قدرسے بزنس کمیونٹی اورمقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے حکومت وقت سے اپیل کی ہے کہ بزنس کمیونٹی پچھلے چند سالوں سے مختلف چیلنجز کا شکار ہے جن میں مہنگی بجلی ،گیس،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سمیت دیگر مسائل شامل ہیں۔ لہٰذا کاروباری مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت فوری طور پر ایران سے سستی گیس اورپٹرول کی پیشکش پر نظر ثانی کرتے ہوئے معاہدہ کرے تاکہ پاکستان میں ان کی قیمتوں میں کمی واقع ہو، اس سے ملکی انڈسٹری اپنے پاو¿ں پر کھڑی ہو سکے گی ،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔