مسلم لیگ ن نے تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے:خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )سابق وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان اور سابق ایم پی اے حاجی عبدالرو¿ف مغل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ترقی، خوشحالی اور تعلیم کے فروغ کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے ،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اقتدار میں آکر ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے۔قائد عوام میاں نوازشریف اور خادم اعلی میاں شہباز شریف نے ہمیشہ عملی طور پر تعلیم دوست اقدامات اٹھائے۔طلبا کیلئے لیپ ٹاپ سکیم اور دیگر سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ ن کی تعلیم سے محبت کی زندہ مثال ہیں۔پنجاب میں شہباز شریف کے دور حکومت میں سکول و کالجز کیلئے بے شمار نئی عمارات تعمیر کروائی گئیں۔گورنمنٹ گرلز کالج طارق آباد علاقہ مکینوں کیلئے کسی نعمت اور تحفے سے کم نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز کالج طارق آباد کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اساتذہ و طالبات سے ملاقات کے دوران کالج کو دی جانیوالی سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔اس موقع پر کالج پرنسپل مس ثروت سہیل، ڈاکٹر احسان، لیگی رہنما ناصر محمود کھوکھر، معظم رو¿ف مغل، خطیب الرحمن مغل، نذیر احمد مغل ودیگر بھی موجود تھے۔پرنسپل کالج مس ثروت سہیل نے کالج کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،سابق وفاقی وزیر نے پرنسپل کالج کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔