ٹروڈو کا بھارت مخالف موقف قابل ستائش، سکھ برادری: کینیڈا کو خفیہ رپورٹ دی، امریکی سفیر
نئی دہلی‘ حب‘ اوٹاوہ (نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر کے سکھ رہنماو¿ں نے کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ہاتھوں تحریک خالصتان کے سرگرم رکن ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر کینیڈین وزیراعظم کی جانب سے نئی دہلی مخالف واضح مو¿قف اپنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سکھ برادری نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بیانات اور تحقیقاتی عمل کو بے حد سراہا ہے۔ سکھ رہنماو¿ں کا کہنا تھا کہ ”کینیڈین وزیراعظم نے اپنی پارلیمنٹ میں واضح طور پر کہا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارتی ایجنسیاں ملوث ہیں“ یہ بات کینیڈین وزیراعظم نے ملکی سربراہ ہونے کی حیثیت سے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ کی ہے۔ ڈاکٹر گروندر سنگھ نے کہا کہ “کینیڈین وزیراعظم کے بیان کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے کیا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اس قتل کو کینیڈا کی خودمختاری کے خلاف قرار دیا۔ ڈاکٹر گروندر سنگھ نے کہا کہ بھارت کا کینیڈا میں سکھوں کے معاملات میں بے جا دخل اندازی کا وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے جی 20 اجلاس میں بھی ذکر کیا۔ کینیڈین وزیراعظم کے جی 20 بیان پر بھارتی میڈیا نے بہت مذاق اڑایا مگر کینیڈین وزیراعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈین سیاست اور سکھوں کے معاملات میں بھارت کی بے جا دخل اندازی خطرناک ہے۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھوں کے لئے آواز اٹھا کر یہ ثابت کیا کہ وہ ذمہ دار ریاست کے سربراہ ہیں۔ گیانی رگھبیر سنگھ نے کہا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل نے ماضی میں ہونے والے سکھوں کے قتل عام کی یاد تازہ کردی۔ بھارتی ایجنسیاں قتل میں ملوث ہیں تو یہ انتہائی افسوناک اور شرمناک بات ہے۔ اس وقت کینیڈین وزیراعظم نے سرعام بھارت پر ہردیپ سنگھ کے قتل کا الزام لگایا ہے اس میں بھارتی سرکار تعاون کرے۔ امریکہ کے ایک سینئر سفارتکار ڈیوڈ کوہن نے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹروڈو حکومت نے عوامی الزامات سے پہلے فائیو آئیز کے شراکت داروں سے انٹیلی جنس حاصل کی تھی۔ کینیڈا میں امریکی سفیر ڈیوڈ کوہن نے تصدیق کی کہ فائیو آئیز کے شراکت داروں کے درمیان مشترکہ انٹیلی جنس تھی جس نے کینیڈین وزیراعظم کو بیان دینے میں مدد کی۔ علاوہ ازیں کینیڈا میں ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف حب کے علاقے میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اقلیتی برادری اور سکھ کمیونٹی نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہردیپ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ہردیپ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔