بھارتی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کرنے پر وزیراعظم کی مشکور ہوں،مشعال ملک
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور کامیاب دورہ امریکہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ اتوار کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے کہا کہ میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیراعظم کی مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے خطاب سے نہ صرف بھارت کا فاشسٹ اور بدنام چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا بلکہ اس سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی کہ پاکستان سفاک بھارتی افواج کے مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم نے سفیر اور کشمیریوں کے وکیل کی حیثیت سے عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کی ہندو فاشسٹ حکومت کو عالمی سطح پر ہر فورم پر بے نقاب کرتا رہے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مظلوم کشمیری پاکستان کو اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں کیونکہ بھارت کی فاشسٹ نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت نے وادی کشمیر کو قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر یاسین ملک سمیت تمام سرکردہ حریت رہنما غیر قانونی طور پر بھارتی قید میں ہیں کیونکہ انہیں ان کی منصفانہ آواز کو دبانے کے لئے جعلی، من گھڑت اور سیاسی محرکات پر مبنی مقدمات میں حراست میں لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوتوا حکومت دیگر اقلیتوں کو بھی بدترین ریاستی جبر کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی حکومت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے بلکہ اس کی بدنام زمانہ ایجنسی دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کے حالیہ قتل نے دنیا کے سامنے ہندوتوا حکومت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ مشعال ملک نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے اداروں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور نظربند کشمیری رہنماو¿ں اور دیگر مجاہدین آزادی کی رہائی کے لئے فوری اقدامات کریں کیونکہ مقبوضہ علاقے کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر علاقائی امن ناممکن ہے۔