لاہور، کراچی طیاروں کو جی ایس پی سگنلز ملنے میں دشواری
لاہور راولپنڈی (آئی این پی+ سٹاف رپورٹر ) لاہور اور کراچی کے درمیان طیاروں کو جی پی ایس سگنل میں دشواری کی شکایات رپورٹ ہوئی ہیں ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹم کے مطابق فلائٹ انفارمیشن ریجن میں طیاروں کو جی پی ایس سگنلز ملنے میں دشواری رپورٹ ہوئی ہے۔ نوٹم کے مطابق کراچی اور لاہور کے اطراف 100 ناٹیکل میل دائرے میں جی پی ایس سگنلز میں دشواری ہوئی۔ نوٹم میں ہدایت کی گئی ہے کہ جی پی ایس سگنل ملنے میں دشواری کی صورت میں فوری آگاہ کیا جائے۔ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیاروں کے پائلٹس کو ہدایت کر دی ہے۔ رحیم یار خان ایئر پورٹ کے اطراف بھی طیاروں کو جی پی ایس سگنل نہ ملنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ جہازوں کے(جی پی ایس) /(جی این ایس ایس) سگنلز میں خلل کے معاملے پر سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود میں طیاروں کو ایئر ٹریفک سروسز کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے فراہم کردہ تمام زمینی آلات درست کام کر رہے ہیں۔ ان میں VOR (VHF Omnidirectional Range) اور آئی ایل ایس ILSنظام شامل ہیں۔