کراچی تا پشاور ریلوے لائن منصوبہ، چین کا 6.60ارب ڈالر کی نظرثانی شدہ لاگت پر اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چین نے کراچی تا پشاور ریلوے لائن کیلئے 6.60 ارب ڈالر کی نظرثانی شدہ لاگت پر اتفاق کرلیا۔ چین نے مین لائن۔ ون کیلئے 6 ارب 60 کروڑ ڈالر کی نظرثانی شدہ لاگت پر اتفاق کر لیا ہے اور منصوبے کا ترمیم شدہ ڈیزائن پلان 31 اکتوبر تک پاکستان کو پیش کیا جائے گا جو کراچی تا پشاور 1872 کلو میٹر ریلوے ٹریک منصوبہ ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری مواصلات خرم آغا پاکستان کی جانب سے سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپس (جے ڈبلیو جی) برائے ایوی ایشن، ریلوے اور انفراسٹرکچر کے سربراہ ہیں اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ لاگت اور اس سے متعلقہ معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے پیر کو جے ڈبلیو جی اجلاس میں شرکت کیلئے اسی ہفتے کے آخر میں بیجنگ جائیں گے۔ معاہدے کا باقاعدہ اعلان نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے 18 اکتوبر کو ون بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹو سے متعلق سالانہ تقریبات میں شرکت کے لئے دورہ چین کے دوران متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم ایل۔1 کی لاگت کا تخمینہ پہلے تقریباً 9 ارب 80 کروڑ ڈالر لگایا گیا تھا تاہم چین نے کچھ لچک دکھائی اور ڈیزائن کی چند تبدیلیوں سے لاگت کم کرنے میں مدد ملی۔ اسی طرح منصوبے کے کچھ دوسرے حصے مقررہ وقت پر خود پاکستان ڈیویلپ کرے گا۔