تمام پارٹیوں کو الیکشن لڑنے کی آزادی ہونی چاہئے: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی مکمل آزادی حاصل ہونی چاہئے، سرکاری میڈیا کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہ کرے اور رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو منصفانہ کوریج فراہم کرے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو ریڈیو پاکستان کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں جبکہ ریڈیو پاکستان کی نشریات کو ڈیجیٹل کرنے کے لئے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی جیسے مسائل موجود ہیں، قانونی و آئینی اختیارات کے تحت ان مسائل کو حل کریں گے۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنے محدود وقت کو مسائل کے حل کے لئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان دور جدید کے تقاضوں کو پورا کرے، یہ میرا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے ساتھ مل کر ریڈیو پاکستان کے بورڈ کی تشکیل نو کی جائے گی۔ ریڈیو پاکستان کے معاملات بہتر کرنا میری ذمہ داری میں شامل ہے۔