آئی جی پنجاب کی سربراہی میں وفد کی چین کے پبلک سکیورٹی حکام سے ملاقات
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت پنجاب پولیس کے سینئر افسران کا وفد گزشتہ روز چین پہنچ گیاہے۔آئی جی پنجاب کے ہمراہ وفد میں ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ایس پی یو طیب حفیظ چیمہ، ڈی آئی جی ایلیٹ صادق علی ڈوگر،آر پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم عائشہ ممتاز شامل ہیں۔وفد نے چین کے ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سکیورٹی کے عہدیداران سے اہم ملاقات کی، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جیانگ سو پروونشل ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سکیورٹی کی زیر قیادت چینی پولیس کے اعلی عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان اور چین کے مابین پولیسنگ امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے ہوا۔ عثمان انور نے کہا کہ چینی پولیس کے تعاون سے پنجاب میں پولیسنگ کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائےگا، غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی پر مامور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد کار میں اضافے کیلئے باہمی تعاون کو بڑھایا جائےگا، چینی پولیس کے تعاون سے ایلیٹ فورس کو اپ گریڈ کیا جائےگا۔ کرائم کنٹرول، جنرل پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے چینی پولیس تکنیکی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کرےگی جبکہ سائبر سکیورٹی سے متعلقہ معاملات میں بھی پنجاب پولیس کو تعاون و جدید وسائل فراہم کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔ چین کے تعاون سے جرائم کے قلع قمع کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مزید موثر استعمال کو یقینی بنایا جائےگا۔ چینی پولیس حکام نے پنجاب پولیس کو وسائل، ٹریننگ اور ماڈرن پولیسنگ بارے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔