لاہور میں پھر بارش، فیصل آباد ڈوب گیا، چھتیں گرنے سے 12 افراد زخمی
فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جس سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، مال روڈ پر بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، شیخوپورہ، قصور، کاہنہ، اوکاڑہ، بصیرپور، پتوکی، رینالہ خورد میں بادل برس پڑے جبکہ بھوآنہ، شرقپور اور لالیاں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کئی فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے متعدد علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ وادی نیلم میں بھی بارش سے موسم انتہائی سہانا ہوگیا۔ وادی کے سیاحتی مقام رتی گلی میں پہلی برف باری سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں ایم ڈی واسا کے دعوے صرف خالی بڑھکیں ثابت ہوئیں۔ پندرہ منٹ کی بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا۔ بارہ گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود شہر کی تمام اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔ شہر کے تمام پوش علاقوں سمیت تمام اہم شاہراہوں پر واسا کی کارکردگی کا جنازہ نکال دیا جبکہ آس پاس کی نشیبی آبادیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا جس سے کروڑوں روپے کا سامان خراب ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کئی علاقوں میں گھروں کی چھتیں گر گئیں جس سے درجن بھر سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چند ہفتے قبل تعینات ہونے والے ایم ڈی واسا کی تعیناتی کے بعد سے واسا کی کارکردگی صفر ہوکر رہ گئی۔ ذرائع کے مطابق ایم ڈی واسا اپنی پسند ناپسند کی تعیناتیوں میں لگے ہوئے ہیں اور اپنی پسند کا گروپ لانے میں سرگرم ہیں۔ جڑواں شہروں میں اتوار کی شام موسلا دھار بارش سے سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ بارش کے دوران کئی مقامات پر چلتی گاڑیاں بھی روک دی گئیں۔ فلائی اوور، پلوں اور میٹرو بس کے پلوں کے نیچے موٹرسائیکل سوار اور پیدل چلنے والوں نے بارش کے رکنے کا انتظار کیا۔ بارش سے راولپنڈی اسلام آباد میں جاری گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔