امریکی سفیر کی وزیر منصوبہ بندی سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نگران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی محمد سمیع سعید سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں نگران وزیر منصوبہ بندی نے ترقیاتی تعاون، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کو امریکہ کی جانب سے ملنے والے تعاون کو سراہا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں نگراں وزیر منصوبہ بندی نے اقتصادی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تشکیل جس کا مقصد مختلف شعبوں جیسے کہ کانوں اور معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے سے بھی آگاہ کیا جبکہ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو ان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی دعوت دی۔ امریکی سفیر نے یقین دلایا کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون جاری رکھے گا اور معیشت کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں میں مدد کرے گا۔